مقبوضہ کشمیر میں 2بھارتی فوجی افسران سمیت 7ہلاک

سری نگر (ریپبلکن نیوز) مقبوضہ کشمیر میں مسلح افراد کے حملوں کے نتیجے میں 2 فوجی افسران سمیت 7 افراد ہلاک ہو گئے جب کہ جوابی کارروائی میں 3 حملہ آور مارے گئے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے علاقے ناگروٹا میں علی الصبح بھارتی فوجی کیمپ میں 3 حملہ آور داخل ہوئے اور اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی جس کے نتیجے میں 2 بھارتی فوج کے اعلیٰ افسران سمیت 7 اہلکار ہلاک ہو گئے تاہم بھارتی فوج نے جوابی کارروائی میں 3 حملہ آوروں کو مارنے کا دعویٰ کیا ہے۔ بھارتی وزیر دفاع منوہر پاریکر کا کہنا ہے کہ حملہ آور صبح ساڑھے 5 بجے ملٹری بیس کے اندر داخل ہوئے اور انہوں نے آرٹلری یونٹ میں دستی بم پھینکے تاہم سخت سیکیورٹی کے باوجود حملہ آوروں کی آرٹلری یونٹ تک رسائی کی تحقیقات کی جائے گی جب کہ حملے سے تاثر ملتا ہے کہ حملہ آوروں کا ہدف عام شہریوں کے بجائے صرف فوجی اہلکار تھے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق دوسرا حملہ سامبھا سیکٹر میں ہوا جہاں مسلح افراد نے بی ایس ایف کے قافلے پر حملہ کیا جس میں دو حملہ آور مارے گئے جب کہ فائرنگ کے تبادلے میں دو بھارتی فوجی بھی زخمی ہوئے۔ بھارتی سیکیورٹی فورسز کے مطابق ناگروٹا میں مزید حملہ آوروں کی موجودگی کی اطلاعات کے باعث علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔

مزید خبریں اسی بارے میں

Close