بھارت میں پولیس سے جھڑپ میں 24ماؤ باغی ہلاک

بھارت (ریپبلکن نیوز)  پولیس نے مشرقی علاقوں اوڈیسا اور اندھرا پردیش کی سرحد پر 24 ماؤ علیحدگی پسندوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ اندھرا پردیش اور اوڈیسا کی سرحد پر 30 سے 40 ماؤ باغیوں نے حملہ کیا تھا۔ اوڈیسا کے ضلع مالکنگیری پولیس کے سب انسپکٹر سی کے دھاروا نے کہا کہ ’24 ماؤ علیحدگی پسندوں کی لاشیں برآمد کی گئی ہیں اور سرچ آپریشن تاحال جاری ہے’۔ مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق واقعے میں دو پولیس اہلکار بھی زخمی ہوئے تاہم اس کی تصدیق نہیں کی گئی۔ دھاروا کا کہنا ہے کہ علیحدگی پسندوں کے قبضے سے چار اے کے 47 اور تین رائفلز برآمد کر لی گئی ہیں۔ واضح رہے کہ ماؤسٹ 60 کی دہائی سے ہندوستان میں علیحدگی کی تحریک چلا رہے ہیں جبکہ سابق وزیراعظم منموہن سنگھ نے انھیں ہندوستان کی داخلی سیکیورٹی کے لیے شدید خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ وہ حکام سے روزگار اور غریب قبائل کے دیگر حقوق کے لیے لڑ رہے ہیں۔

مزید خبریں اسی بارے میں

Close