عراق: ایران کی تربیت یافتہ ملیشیاؤں کو ’’گھر‘‘ بھیجنے کے لیے امریکی مطالبہ مسترد

بغداد (ریپبلکن نیوز) عراقی حکومت نے امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹیلرسن کا ایران کی حمایت یافتہ ملیشیاؤں اور نیم فوجی یونٹوں کی ملک میں جنگی کارروائیوں کے خاتمے اور انھیں ’’گھروں ‘‘ کو بھیجنے سے متعلق مطالبہ مسترد کردیا ہے۔

ریکس ٹیلرسن نے سعودی دارالحکومت الریاض میں اتوار کو عراقی وزیراعظم حیدر العبادی اور سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز سے ملاقات کے بعد کہا تھا کہ’’ اب وقت آگیا ہے،عراقی الحشد الشعبی یونٹوں ،شیعہ ملیشیاؤں اور ان کے ایرانی مشیروں کو واپس گھروں کو بھیج دیا جائے‘‘۔

ان ملیشیاؤں نے عراق کے شمال اور شمال مغربی علاقوں میں حالیہ مہینوں کے دوران میں داعش کے خلاف جنگ میں اہم کردار ادا کیا ہے۔امریکا نے بھی اس جنگ میں عراق کی بھرپور حمایت کی ہے۔اب امریکا اس تشویش کا اظہار کررہا ہے کہ ایران عراق اور شام میں اپنی عسکری موجودگی کی وجہ سے خطے میں اپنا اثرورسوخ بڑھا سکتا ہے۔

عراقی وزیراعظم حیدر العبادی ریکس ٹیلرسن کے اس مطالبے کو تسلیم کرنے پر آمادہ نہیں۔ان کے دفتر کی جانب سے سوموار کو جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ’’ کسی بھی فریق کو عراق کے داخلی امور میں مداخلت کا حق حاصل نہیں ہے‘‘۔تاہم اس بیان میں بہ ذات خود وزیراعظم کا ذکر نہیں ہے اور یہ ان کے ایک قریبی ’’ذریعے‘‘ سے منسوب کیا گیا ہے۔

مزید خبریں اسی بارے میں

Close