افغانستان: طالبان کے حملے میں 126 فوجی اہلکار ہلاک

نیوز ڈیسک (ریپبلکن نیوز)افغان وزارت دفاع کے ایک سنیئیر اہلکار نے بتایا ہے کہ ملک کے وسطی صوبے وردک کے دارالحکومت میدان شہر میں واقع ایک ملٹری کمپاؤنڈ پر طالبان کے حملے کے نتیجے میں افغان سکیورٹی فورسز کے 100 سے زیادہ اہلکار ہلاک ہوئے ہیں۔

اس اہلکار نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر روئٹرز کو بتایا، ’’ہمارے پاس معلومات ہیں کہ فوجی تربیتی مرکز کے اندر ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں 126 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔‘‘

ایک اور صوبائی اہلکار نے بھی ہلاکتوں کی تعداد 100 سے زائد ہونے کی تصدیق کی ہے۔ روئٹرز کے مطابق تاہم افغان وفاقی حکومت کے ترجمان نے اس حوالے سے تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا۔ قبل ازیں افغان حکومت کی طرف سے اس حملےمیں ہلاکتوں کی تعداد 12 جبکہ زخمیوں کی تعداد 30 بتائی گئی تھی۔

جرمن خبر رساں ادارے ڈی پی اے نے صوبائی کونسل کے سربراہ اختر محمد طاہری کے حوالے سے بتایا کہ اس حملے کے آغاز اس وقت ہوا جب ایک خودکش حملہ آور نے دھماکا خیز مواد سے بھری اپنی گاڑی سے وہاں دھماکا کیا۔ اس کے کچھ دیر بعد تین حملہ آور اس اڈے میں داخل ہو گئے۔ حکام کے مطابق تمام حملہ آوروں کو ہلاک کر دیا گیا ہے اور حملہ اپنے اختتام کو پہنچ چکا ہے۔

مزید خبریں اسی بارے میں

Back to top button