کابل : امام بارگاہ میں دھماکے کے نتیجے میں 27افراد ہلاک

کابل (ریپبلکن نیوز)افغانستان کے دارالحکومت کابل میں ایک امام بارگاہ میں خودکش دھماکے کے نتیجے میں 27 افراد ہلاک اور 35 زخمی ہوگئے۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی نے ایک سینئر پولیس افسر فریدون عبیدی کے حوالے سے بتایا کہ ایک خودکش بمبار نے امام بارگاہ میں عبادت میں موجود افراد کے درمیان خود کو دھماکے سے اڑا لیا، جس کے نتیجے میں 27 افراد ہلاک اور 35 زخمی ہوگئے۔ دوسری جانب افغان وزارت داخلہ کے ترجمان صدیق الصدیقی نے بتایا کہ کابل کے مغربی علاقے میں واقع امام بارگاہ باقر العلوم میں دوپہر ساڑھے 12 بجے کے قریب دھماکا ہوا، جس کے حوالے سے تفصیلات جمع کی جارہی ہیں۔ پولیس نے علاقے کو سیل کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے، جبکہ ہلاک شدگان اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ ایک عینی شاہد علی جان نے اے ایف پی کو بتایا، ‘میں اندر موجود تھا اور لوگ وہاں عبادت میں مصروف تھے کہ اچانک میں نے ایک زوردار آواز سنی، جس کے نتیجے میں کھڑکیاں ٹوٹ گئیں، مجھے نہیں معلوم کہ کیا ہوا ہے، بس میں نے باہر کی جانب دوڑ لگا دی’۔ واضح رہے کہ امام حسین رضی اللہ تعالیٰ عنہہ کے چہلم کے موقع پر عزادار امام بارگاہ میں جمع تھے۔ واقعے کی ذمہ داری ابھی تک کسی گروپ کی جانب سے قبول نہیں کی گئی۔

مزید خبریں اسی بارے میں

Close

Adblock Detected

Please consider supporting us by disabling your ad blocker