جعلی پولیس والوں نے دبئی میں دو پاکستانیوں سے 10 کروڑ روپے لوٹ لئے

نیوز ڈیسک(ریپبلکن نیوز) دبئی میں ایک 7رکنی گینگ نے  دو پاکستانیوں کو کروڑوں روپے سے محروم کر دیا۔ گلف نیوز کے مطابق اس گینگ میں متحدہ عرب امارات، شام اور افغانستان کے ایک ایک شہری اور 4پاکستانی شامل تھے۔ 39سالہ اماراتی اور38سالہ شامی شہری ایک لینڈکروزر میں پولیس کی وردیاں پہن کر لٹنے والے دونوں پاکستانیوں کے پاس گئے اور انہیں کہا کہ ان کے پاس 35لاکھ درہم (تقریباً13کروڑ 35لاکھ روپے)کی جو رقم موجود ہے اس کے متعلق ان کے خلاف ایک مقدمہ درج ہے۔

دونوں ملزمان نے پاکستانی شہریوں کو اپنے جعلی پولیس کارڈ بھی دکھائے اور انہیں گرفتار کرکے اپنے ساتھ ایک عمارت میں لے گئے۔ چند گھنٹے بعد انہوں نے دونوں پاکستانیوں کو چھوڑ دیا تاہم تمام رقم اپنے پاس رکھ لی اور کہا کہ یہ رقم مقدمے کی ہے، عدالت میں فیصلے کے بعد ہی واپس ہو گی۔

رپورٹ کے مطابق ان لوگوں سے رہائی پانے کے بعد لٹنے والے دونوں پاکستانی پولیس سٹیشن چلے گئے اور وہاں اپنے خلاف مقدمے کے بارے میں استفسار کیا تو پولیس آفیسرز نے بتایا کہ ان کے خلاف کوئی مقدمہ درج نہیں ہے۔ اس پر وہ سٹپٹا کر رہ گئے اور وہیں اپنے اغواءہونے اور لٹنے کی رپورٹ درج کروا دی۔

پولیس نے دونوں ملزمان کو گرفتار کرکے تفتیش کی تو انہوں نے بتایا کہ ان کے گینگ میں چار پاکستانی اور ایک افغان شہری بھی شامل ہے اور انہی پاکستانیوں نے بتایا تھا کہ ان دونوں کے پاس اتنی بڑی رقم موجود ہے۔ان کی نشاندہی پر باقی پانچوں کو بھی گرفتار کر لیا گیا، تاہم پولیس ان کے قبضے سے لوٹی ہوئی رقم میں سے صرف 5لاکھ درہم (تقریباً 1کروڑ 90لاکھ روپے)ہی برآمد کر سکی۔ ملزمان کو عدالت میں پیش کر دیا گیا ہے جہاں سے ان 2اپریل کو فیصلہ متوقع ہے۔

مزید خبریں اسی بارے میں

Back to top button