ڈونلڈ ٹرمپ نے عہدے کا حلف اٹھا لیا

واشنگٹن(ریپبلکن نیوز)امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے عہدے کا حلف اٹھا لیا جب کہ تقریب میں سابق صدور سمیت سیکڑوں افراد شریک ہیں۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کیپٹل ہل کی سیڑھیوں پر چیف جسٹس جان رابرٹس سے امریکا کے 45ویں صدر کی حیثیت سے حلف لیا۔ حلف برداری کی تقریب میں سابق صدر باراک اوباما، بل کلنٹن، جارج ڈبلیو بش اور ان کی بیگمات سمیت دنیا بھر سے آنے والے مہمانوں کے علاوہ سیکڑوں افراد شریک ہیں۔ اپنے پہلے صدارتی خطاب میں ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ میں ان سیاستدانوں کی طرح نہیں ہوں جو صرف باتیں کرتے ہیں، ہم سب مل کر امریکا کو محفوظ اور عظیم بنا سکتے ہیں، وقت آ گیا ہے کہ ہم کالے یا سفید سب کو یہ سوچنا ہو گا کہ ہم سب کا خون لال ہے امریکی میڈیا کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ کی تقریب حلف برداری پر 20 کروڑ ڈالر خرچہ آیا ہے اور یہ امریکی تاریخ کی مہنگی ترین تقریب حلف برداری ہے جس کی سیکیورٹی کے لئے 28 ہزار اہلکار تعینات ہیں جس پر 10 کروڑ ڈالر خرچہ آئے گا۔ دوسری جانب ڈونلڈ ٹرمپ کی حلف برداری سے قبل مختلف ریاستوں میں مظاہرے پھوٹ پڑے۔ دارالحکومت واشنگٹن میں ٹرمپ کے مخالفین کی جانب سے مظاہرہ کیا گیا تاہم ڈونلڈ ٹرمپ کے حامیوں کی بڑی تعداد بھی وہاں پہنچ گئی اور ایک دوسرے کے خلاف شدید نعرے بازی کی اس دوران پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے مرچی کے اسپرے کا استعمال کیا جس کے بعد مظاہرین نے منشتر ہوتے ہوئے توڑ پھوڑ شروع کر دی۔

مزید خبریں اسی بارے میں

Close