سندھ میں رینجرز کے قیام اور خصوصی اختیارات کی مدت ختم

رینجرزاختیارات کا معاملہ ایک مرتبہ پھر سندھ حکومت کی عدم توجہ کا شکار ہوتا نظرآتا ہے، انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت سندھ میں رینجرز کے خصوصی اختیارات اور صوبے میں قیام کی مدت آج ختم ہوگئی لیکن صوبائی حکومت اس معاملے پر اب تک کوئی فیصلہ نہیں کرسکی ہے۔

سندھ حکومت نے رینجرز کو 77 دن کے لیے خصوصی اختیارات دیئے تھے اور اب اس کی توسیع کے لیے محکمہ داخلہ نے سمری وزیراعلیٰ سندھ کو ارسال کردی ہے تاہم وزیراعلیٰ کی جانب سے تاحال سمری کی منظوری نہیں دی گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ اور سہیل انور سیال کو پارٹی قیادت نے دبئی طلب کرلیا ہے اس لیے دونوں جلد آصف زرداری سے مشاورت کے لیے دبئی جائیں گے۔

دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے سندھ میں رینجرز کے قیام اورانہیں تفویض کردہ خصوصی اختیارات کی مدت میں توسیع میں تاخیر پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ کو خط لکھا ہے جس میں کہا گیا ہےکہ سندھ میں امن و امان کی بحالی میں رینجرز نے کلیدی کردارادا کیا ہے لیکن سندھ حکومت نے رینجرز کو تفویض کردہ اختیارات میں توسیع کے معاملے پر ہر بار تاخیر کی، رینجرز کو اختیارات دینے میں تاخیر آپریشن کو متاثر کرے گی اور اس سے سول آرمڈ فورسز کی کارکردگی پر بھی منفی اثرات ہوسکتے ہیں، اس لئے وزیر اعلیٰ سندھ اپنے اختیارات استعمال کرتے ہوئے رینجرز کے خصوصی اختیارات میں توسیع کردیں۔

مزید خبریں اسی بارے میں

Close