قومی آزادی پسند جہدکار کی پہچان اور ذمہ داریاں

کوئٹہ /مضمون (ریپبلکن نیوز)  آزادی پسند  جہدکار  کشادہ دل اور وسیع الذہن، مخلص اور ایماندار ہوتا ہے وہ جدوجہد سے نہیں کتراتا ، اپنی مفادات کو قومی مفادات کے زیر تابع رکھتا ہے اور ہمہ وقت اور ہرجگہ قومی آجوئی کے مقصد اور اصولوں پر ثابت قدم رہتا ہے اور غلط رجحانات ، خیالات اور عمل کے خلاف انتھک جدوجہد کرتا ہے تاکہ قومی اجتماعی مفادات کو مضبوط کرسکے۔ وہ قومی تنظیم اور عوام کے مابین ذرائع کو مضبوط بناتا ہے ۔ کسی فرد واحد سے زیادہ قومی وعوامی مفادات کو اہم سمجھتا ہے اور اپنی ذات سے زیادہ دوسروں کا خیال رکھتا ہے ۔

وہ جانتا ہے کہ صرف اسی طرح ہی وہ حقیقی آجوئی پسند جہدکار بن سکتا ہے ۔ ہر آجوئی پسند جہدکار کو یہ بات ذہن میں رکھنی چاہیے کہ وہ اپنے قول اور فعل کے ذریعے عوام کی اکثریتی مفادات کو اولیت دیتا ہے یا نہیں ؟ اسے عوام کی حمایت حاصل ہے یا نہیں ؟

خود غرضی ، لالچ ،سستی ،کاہلی ،بداطواری ،بداخلاقی اور خودپسندی ایسی باتیں ہیں جو قابل نفرت اور قابل حقارت ہیں ۔ بے لوث ہوکر عمل کرتے رہنا ، انتھک جدوجہد اور عوامی مفادات اور کام کے لیے دل و جان سے وقف کردینا یہ ایسی باتیں ہیں جو قابل احترام اور لائق عزت اور محبت ہیں ۔

 آجوئی پسند جہدکار  کو ہمیشہ سچائی اور صداقت کی سربلندی کے لیے برسرپیکار رہنا چاہیے کیونکہ ہر سچائی اور صداقت عوامی مفاد کے لیے ہوتی ہے اور آجوئی پسند جہدکار اور رہنماوں کو ہمیشہ معاملات اور مسائل کے اسباب و علت کی چھان بین کرنی چاہیے اور اپنی عقل و دانش کو برائے کار لانا چاہیے ۔ انہیں اس بات  پر بطور خاص توجہ دینی چاہیے کہ  وہ جو باتیں کہہ رہے ہیں آیا وہ حقائق سے میل کھاتی ہیں یا نہیں ؟کیا ان باتوں کی کوئی ٹھوس بنیاد ہے بھی یانہیں ؟ انہیں اس کے برعکس باتوں کی بند آنکھوں پیروی کبھی نہیں کرنی چاہیےاور ہر قسم کے ملازمانہ اور غلامانہ ذہنیت کے خلاف جدوجہد کرنی چاہیے ۔

مزید مضامین:

فوج کے ہاتھوں بلوچ خواتین و بچوں کی جبری گمشدگیاں

سردار اخترمینگل کے نا م کھلا خط

بلوچ تاریخ میں خواتین کا احترام

آجوئی پسند جہدکار اور رہنماوں کو ہمیشہ مجموعی قومی مفاد کو اولیت دینی چاہیے ۔ آجوئی پسند  کارکنان اور رہنماوں کے لیے از حد ضروری ہے کہ وہ باعمل ہونے کے ساتھ ساتھ ہمیشہ ہرقدم عقل ودانش سے اٹھانا چاہئے  اور عوام کے مابین نزدیکی روابط پر اپنی توجہ مرکوز کرنی چاہیے کیونکہ جہدکار بیج کی مانند ہوتے ہیں اور عوام زمین کی ، اس لیے عوام سے نزدیکی رابطہ ان سے میل جول رکھنا اور ان میں گھل مل جانا ضروری ہے اس کے لیے ان میں اتنی صلاحیت ہونی چاہیے کہ وہ ہر معاملے میں عوام سے رابطہ کرسکیں ، ان کو ہر حال میں بہادری سے اپنی جنگ جاری رکھنی چاہیے اور پارٹی احکامات اور ضوابط کی پیروی کرنی چاہیئے ، انہیں سرگرمیوں

کے دوران تنظیم کے اندرونی اتحاد اور استحکام کو مقدم رکھنا چاہیے ۔

آجوئی پسند جہدکار کو کبھی خودخیال اور خود پسند نہیں ہونا چاہیے ، انہیں کبھی بھی یہ نہیں سمجھنا چاہیے کہ وہی عقلِ کل ہیں انہیں خودستائی یا پھر اپنے منہ میاں مٹھو نہیں ہونا چاہیے ۔ کارکنوں کو دوسروں کے خیالات دھیان اور توجہ سے سننے چاہیے اگر ان کا نقطہ نظر غلط ہو تب بھی ان کی بات کو مکمل طور پر سنا جائے اور اس کے بعد انہیں صبر و تحمل سے سمجھانا چاہیے ، جو اپنے کام غلط طریقے سے کررہے ہوں ۔انہیں سمجھانا چاہیے لیکن ٹوکنے سے گریز کرنا چاہیے تاکہ وہ اپنی اصلاح کرسکے کسی غلطی پر انہیں ایک دم اپنے صفوں سے خارج کردینا غلط ہے بلکہ انہیں اپنی غلطی کی اصلاح کرنے کا موقع دیا جانا چاہیے ۔

جو دوست سیاسی جانکاری کے معاملے میں کمزور ہوں انہیں حقیر نہیں سمجھنا چاہیے بلکہ ان کے ساتھ دوستی کرکے ان کو قائل کرنا چاہیے اور انہیں تربیت دی جانی چاہیے انہیں آگے بڑھنے میں مدد فراہم کی جائے اور ان کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیے۔ ہر آجوئی پسند جہدکار کو قومی اتحاد،  ہم آہنگی، اشتراک عمل اور دوسرے قومی آجوئی پسند قومی پارٹی اور تنظیموں کے مابین ہم آہنگی، نزدیکی اور

باہم عمل کیلئے انتک جدوجہد اور کوشش کرنی چائیے۔

ان کو یہ بات از حد ذہن نشین کرنی چاہئے کہ قومی آجوئی کی راہ بے حد مشکل،  کٹھن اور طویل ہوتاہے، مایوسی کو کبھی اپنے حوصلے اور جذبہ آجوئی پر غالب نہ ہونے دینا، ہر بلوچ قومی آجوئی کے حصول کیلئے عملا جدوجہد میں برسرپیکار ہر وہ آجوئی پسند تنظیمیں اور رہبر ہم سب کیلئے قابل احترام  اور قومی آجوئی جہد کے گراں قدر اثاثہ ہیں۔ قومی آجوئی پسند جہدکار کو اپنی تمام تر توانائیاں دشمن کے خلاف لڑنے میں خرچ کرنے چاہیے نہ کے اپنے قومی اثاثوں کے خلاف ۔ انکو اپنی نظریں اور توانائیاں صرف اور صرف قومی آزادی کے حصول کے لئے مرکوز کرنے چاہئیں۔

تحریر: آجوئی بلوچ

نوٹ: ریپبلکن نیوز نیٹورک اور اسکی پالیسی کا مضمون یا لکھاری کے موقف سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مزید خبریں اسی بارے میں

Close