صادق آباد: پنجاب کو گیس فراہم کرنے والی گیس پائپ لائن دھماکے سے تباہ، آگ بھڑک اٹھی

صادق آباد(ریپبلکن نیوز) بھونگ سے صادق آباد جانے والی سوئی گیس کی مین لائن کو دھماکے سے اڑادیا گیا جس کے نتیجے میں خوفناک آگ بھڑک اٹھی جس نے تیزی سے آس پاس کے علاقے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا اور فصلوں کو نقصان پہنچا۔

صادق آباد کے اسسٹنٹ کمشنر عباس رضا ناصر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سوئی گیس کی مین سپلائی بند کردی گئی اور کسی جانی نقصان کا اندیشہ نہیں ہے۔ مین لائن بند ہونے سے پنجاب کے کئی علاقوں میں گیس کی شدید قلت پیدا ہوگئی اور صنعتوں کو گیس کی سپلائی بند کردی گئی۔

وزیر توانائی عمر ایوب نے اپنے بیان میں کہا کہ گیس سپلائی معطل ہونے سے بجلی کی پیداوار متاثر ہوگئی اور صارفین کو لوڈ شیڈنگ کا سامنا کرنا پڑا جس پر عوام سے معذرت خواہ ہیں، تاہم متبادل ذرائع سے بجلی کی کمی پوری کی جائے گی۔ آگ بجھنے کے بعد گیس پائپ لائن کی بحالی کا کام شروع کردیا گیا ہے۔

ترجمان سوئی گیس کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق صادق آباد کے قریب سوئی ناردرن گیس کی 36 انچ موٹی ٹرانسمیشن لائن کو شرپسندوں نے شدید نقصان پہنچایا، گزشتہ رات 3 بجے کے قریب رپیٹر اسٹیشن کے ڈاؤن اسٹریم پر پائپ لائن کو نقصان پہنچنے کے باعث دھماکہ ہوا، صوبہ پنجاب میں صنعتوں، فرٹیلائزر اور پاور سیکٹر کو گیس کی سپلائی معطل کر دی گئی، آج رات تک تمام مرمتی و بحالی کا کام مکمل کر لیا جا ئے گا۔

مزید خبریں اسی بارے میں