سری لنکا میں چینی منصوبوں کے خلاف شدید احتجاج

کولمبو(ریپبلکن نیوز) سری لنکا میں چین کو بندرگاہ اور صنعتی مرکز تعمیر کرنے کی اجازت دینے کے خلاف ہونے والے مظاہرے میں کئی افراد زخمی ہو گئے ہیں۔ برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق دارالحکومت کولمبو سے 240 کلومیٹر جنوب مشرق میں واقع ساحلی شہر ہمبنٹوٹا میں اس منصوبے کے تحت دیہی علاقوں کے ہزاروں کی تعداد میں مکینوں کو بے دخل کیا جائے گا، پولیس نے مظاہروں پر آنسو گیس کا استعمال کیا اور اس حوالے سے منعقد تقریب بھی تاخیر کا شکار ہوئی جس میں وزیر اعظم رنیل وکرما سنگھے نے شرکت کرنا تھی۔ اس منصوبے کے مخالفین کا کہنا ہے اس سے علاقہ ایک چینی کالونی بن کر رہ جائے گا، سری لنکا کی حکومت بندرگاہ کے علاقے کو ایک ایسی کمپنی کو 99 سالہ لیز پر دینے کی منصوبہ طے کر رہی ہے جس کے 80 فیصد حصص کی ملکیت چین کے پاس ہے، قریبی علاقے کو ایک صنعتی زون کے طور پر استعمال کیا جائے جہاں چینی کمپینیوں کو فیکٹریاں تعمیر کرنے کی دعوت دی جائے گی۔ خیال رہے کہ اس بندرگاہ کی تعمیر چین کی جانب سے سری لنکا میں تعمیراتی منصوبوں کے سلسلے کی کڑی ہے، چین سری لنکا میں سنہ 2009 میں 26 سالہ خانہ جنگی کے اختتام کے بعد تعمیراتی منصوبوں میں کروڑوں ڈالر خرچ کر چکا ہے۔

مزید خبریں اسی بارے میں

Close