استنبول میں دھماکا، 7پولیس اہلکاروں سمیت 11 ہلاک

Istanbulاستنبول: ترکی کے شہر استنبول میں ایک بس اسٹاپ کے قریب دھماکے کے نتیجے میں 7 پولیس اہلکاروں سمیت 11 افراد ہلاک ہوگئے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی نے استبول کے گورنر کے حوالے سے بتایا کہ ضلع ویزنیجیلر (Vezneciler) میں ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں 7 پولیس اہلکار اور 4 عام شہری ہلاک جبکہ 36 افراد زخمی ہوئے۔

ترک میڈیا کے مطابق بس اسٹاپ کے قریب ہونے والے دھماکے میں پولیس وین کو نشانہ بنایا گیا، جبکہ جس جگہ پر دھماکا ہوا وہاں لوگوں کا کافی رش تھا۔

ترکی کے سرکاری ٹی وی ٹی آر ٹی کے مطابق دھماکا ریموٹ کنٹرول تھا۔

رپورٹس کے مطابق دھماکے کے بعد ایمبولینسز جائے وقوع کی جانب روانہ ہوگئیں جبکہ سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔

ابھی تک واقعے کی ذمہ داری کسی کی جانب سے قبول نہیں کی گئی تاہم حالیہ دنوں میں کرد عسکریت پسندوں، داعش اور بائیں بازو کی دیگر تنظیموں کی جانب سے ترکی کے مختلف شہروں میں بم دھماکوں اور خودکش حملوں میں اضافہ ہوگیا ہے۔

گذشتہ ماہ 10 مئی کو ترکی کے جنوب مشرقی شہر دیارِباقر میں ایک کار بم دھماکے کے نتیجے میں تین افراد ہلاک اور 45 زخمی ہوگئے تھے۔

اس سے قبل رواں برس 28 اپریل کو بھی ترکی کے شہر بورسا میں ایک خاتون خود کش بمبار نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا جس کے نتیجے میں 13 افراد زخمی ہوگئے۔

جبکہ رواں سال مارچ میں بھی دیارِباقر میں ایک کار بم دھماکے میں 7 پولیس اہلکار ہلاک اور 27 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

 

مزید خبریں اسی بارے میں

Close