ڈنمارک میں اہوازی لیڈر کے قتل کی سازش ، ناروے میں متعیّن ایرانی سفیر کی طلبی

اوسلو (ریپبلکن نیوز) ناروے کے دارالحکومت اوسلو میں متعیّن ایرانی سفیر کو وزارت خارجہ میں ڈنمارک میں ایک ایرانی عرب شہری کے قتل کی سازش کی وضاحت کے لیے طلب کیا گیا ہے۔ڈنمارک میں ایرانی نژاد نارویجئین شہری سے ا س سازش میں ملوث ہونے کے الزام میں تحقیقات کی جارہی ہے۔

ناروے کی وزیر خارجہ اینی ایرکسن سوریدے نے جمعرات کو ایک بیان میں کہا ہے کہ ’’(ایرانی سفیر سے) ملاقات میں ہم نے واضح کیا ہے کہ ڈنمارک میں تحقیقات کے نتیجے میں منظرعام پر آنے والی سرگرمی ہمارے لیے کسی بھی طرح قابل قبول نہیں ہے‘‘۔

ڈنمارک میں گرفتار ناروے کے اس شہری نے اپنے خلاف عاید کردہ الزامات کی تردید کی ہے اور ایرانی حکومت نے بھی قتل کی کسی سازش سے لاتعلقی کا ا ظہار کیا ہے۔ ڈینش افسروں نے عرب اہوازی لیڈر پر حملے کی کوشش کے الزام می ناروے کے ایرانی نژاد شہری کو 21 اکتوبر کو گرفتار کیا تھا اور اس سے پوچھ تاچھ کی جارہی ہے۔

عرب جدوجہد تحریک برائے آزادیِ اہواز کے ترجمان یعقوب حر التستری نے بدھ کواپنے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ ڈینش سکیورٹی حکام نے اپنے ملک میں اہوازی تحریک کے سربراہ حبیب جابر کو حملے میں نشانہ بنانے کی سازش کو ناکام بنایا ہے۔

ڈنمارک نے گذشتہ منگل کے روز اپنی سرزمین پر ایران کی خفیہ ایجنسی کی تین ایرانیوں کے خلاف حملے کی ناکام سازش کے بعد تہران سے اپنے سفیر کو واپس بلا لیا تھا ۔ڈینش وزیر خارجہ آندرس سیموئلسن نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’’ ڈنمارک کسی بھی طرح اس بات کو قبول نہیں کرسکتا کہ ایرانی انٹیلی جنس سروس سے تعلق رکھنے والے افراد نے ہمارے ملک میں مقیم لوگوں کے خلاف حملے کی سازش تیار کی تھی‘‘۔

ڈینش پولیس کی انٹیلی جنس سروس کے سربراہ فن بورش اینڈرسن نے اس شُبے کا اظہار کیا تھا کہ ایرانی انٹیلی جنس سروس نے ڈنمارک میں ایک شخص پر حملے کی کوشش کی تھی۔ انھوں نے دارالحکومت کوپن ہیگن میں ایک نیوز کانفرنس میں کہا کہ اس مبیّنہ حملے کا ہدف عرب جدوجہد تحریک برائے آزادیِ اہواز کی ڈینش شاخ کے سربراہ تھے۔

انھوں نے بتایا تھا کہ یہ گرفتار شخص ایرانی انٹیلی جنس کا ڈنمارک میں کارندہ تھا اور اس کو اسی الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔ یہ ایرانی انٹیلی جنس کمپنی کا ایک کیس ہے جس نے ہمارے نقطہ نظر سے ڈنمارک میں ایک حملے کی منصوبہ بندی کی تھی‘‘۔

مزید خبریں اسی بارے میں

Close